ایران میں پراسیکیوٹر کے تین قاتلوں کو سرعام پھانسی دیدی گئی
تہران (این این آئی + اے ایف پی) ایران کے پراسیکیوٹر موسیٰ نوری کو قتل کرنے کے جرم میں تین مجرموں کو سرعام پھانسی دیدی گئی۔ ایرانی سرکاری ریڈیو کے مطابق ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر زابل کے پراسیکیوٹر موسیٰ نوری کے قاتلوں کو ہفتہ کی صبح اسی جگہ پھانسی پر لٹکا دیا گیا جہاں ان دہشت گرد مجرموں نے موسیٰ نوری قلعہ نوکو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس میں وہ ہلاک ہوگئے تھے۔ ایران کے شہر زابل کے پراسیکیوٹر موسیٰ نوری قلعہ نو پر یہ دہشت گردانہ حملہ گزشتہ سال 6 نومبر کو اس وقت ہوا تھا جب وہ اپنے ڈرائیور کے ساتھ دفتر جارہے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری سنی انتہا پسند گروپ جیش اسلامی نے قبول کی تھی۔