ایف آئی اے نے اپنے سٹاف کو ترقی دینے کے بجائے پولیس سے افسر بلا لئے
لاہور (خبر نگار) ایف آئی اے کی ’’اعلیٰ پولیس‘‘ قیادت نے ایف آئی اے کے ترقی کے منتظر افسران کو ترقی دینے کے بجائے محکمہ پولیس سے اپنے 11 بھائی بندوں کو 3 سالہ ڈیپوٹیشن پر ایف آئی اے میں بلا لیا۔ ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر آنے والے 4 ڈی ایس پی اور 7 انسپکٹروں کا تعلق اسلام آباد پولیس سے ہے۔ ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر آنیوالوں میں ڈی ایس پی حسین لاسی، راشد نیازی، ادریس راٹھور اور خالد مسعود اور انسپکٹر غلام باقر، اسجد الطاف،فیاض تنولی، محمد نذیر، رانا اکرم اور شفیق مرزا اور ستار شاہ شامل ہیں۔ 11 پولیس افسران کے ڈیپوٹیشن پر آنے سے 4 انسپکٹروں کے اسسٹنٹ ڈائریکر اور 7 سب انسپکٹروں کے انسپکٹر بننے کی راہ میں رکاوٹ ہو گئی ہے۔ افسران میں شدید بے چینی اور بددلی پائی جاتی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ محکمہ میں پہلے ہی دوسرے محکموں سے آنیوالے افسران کی بھرمار ہے اور انہیں واپس بھیجنے کی بجائے مزید افسران کو محکمہ میں ڈیپوٹیشن پر بلا لیا گیا ہے۔