• news

اوکاڑہ: ڈکیتی مزاحمت پر کانسٹیبل کا بیٹا قتل، بیوی کی ٹانگیں توڑ دیں

اوکاڑہ + دیپالپور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) اوکاڑہ کے نواح میں ڈکیتی مزاحمت پر کانسٹیبل کا بیٹا قتل اور بیوی کو شدید زخمی کر دیا۔ نواحی قصبہ ٹھٹھہ نوناریاں میں بدن پر صرف جانگھیے پہنے 16ڈاکو خالد کے گھر داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بناتے ہوئے تین تولے زیورات اور ڈیڑھ لاکھ روپے لوٹ لئے، شور کرنے پر خالد اور اس کے اہلخانہ کو قتل کر دینے کی دھمکی دیتے ہوئے خالد کے بھائی قاسم کے گھر داخل ہو گئے اور لوٹ مار شروع کردی۔ کانسٹیبل کے بیٹے عامر سہیل عرف صدام اور بیوی پروین نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے پروین کی دونوں ٹانگیں توڑ دیں اور عامر سہیل کو خون میں نہلا دیا، 17تولے زیورات اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، فائرنگ کی آواز سن کر اہل دیہہ کانسٹیبل کے گھر جمع ہو گئے مگر عامر سہیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کی والدہ کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچ گئی، عامر سہیل کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال اور پولیس نے خونی واردات کا نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ بعد ازاں ملحقہ گائوں 49ڈی میں دکان سے بوتلیں پی اور جاتے ہوئے دکاندار کو تشدد کرکے زخمی کردیا۔ اہل علاقہ نے خوفناک واردات کیخلاف نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن