وزیرستان : بارودی سرنگ دھماکہ‘ فوجی افسر،2 اہلکار جاں بحق: پشاور ائیرپورٹ پر 2 راکٹ فائر، رحیم یارخان: زکریا ایکسپریس کا انجن دھماکے میں تباہ
شمالی وزیرستان+ پشاور + رحیم یار خان (وقت نیوز + نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں فوجی گاڑی الٹنے سے افسر سمیت 3 اہلکار جاں بحق 3 زخمی ہو گئے۔ وقت نیوز کے مطابق زخمی جوانوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے میران شاہ ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بارودی سرنگ شمالی جنوبی وزیرستان کی سرحد کے قریبی علاقے میں سڑک کنارے نصب تھی جیسے ہی فوجی گاڑی گزری دھماکہ ہو گیا جس سے علاقہ لرز اٹھا۔ آئی ایس پی آر نے رات گئے واقعہ کی تصدیق کر دی۔دریں اثناء پشاور ایئرپورٹ پر گزشتہ رات نامعلوم افراد نے راکٹوں سے حملے کئے۔ اے ایس ایف ذرائع کے مطابق ایک راکٹ رن وے دوسرا ایئرپورٹ کے باہر پشتہ خڑہ کے علاقے میں گرا، دو دھماکوں سے علاقہ لرز اٹھا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس کے دستے ایئرپورٹ پر پہنچ گئے اور اسے گھیرے میں لے لیا جبکہ قریبی علاقوں میں حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے نہیں قبول کی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے ایئرپورٹ جانے والے راستوں کو سیل کردیا۔ ایئرپورٹ پر جہاز موجود تھے رن وے کو خالی کرا لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ راکٹ نواحی علاقے بڈھ بیر سے فائر کئے گئے۔ علاوہ ازیں پشاور کے علاقے سرکی گیٹ کے قریب ایک گھر کے باہر رکھا دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے علاقہ لرز اٹھا اور گھر کو نقصان پہنچا تاہم کسی انسانی جان کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے علاقے کا گھیرائو کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ چمکنی میں پویس چوکی کے قریب کنستر میں رکھا گیا 70 کلو بارودی مواد برآمد کرکے علاقے کو تباہی سے بچا لیا گیا۔ ادھر صادق آباد میں آدم صحابہ ریلوے سٹیشن کے قریب کراچی جانے والی زکریا ایکسپریس کے قریب ٹریک پر دھماکے سے ٹرین کا انجن تباہ، ڈرائیور اور ایک ریلوے اہلکار زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے بعد ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی اور پولیس نے زخمیوں کو ہسپتال پہنچا کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔ خیال ہے کہ ٹرین کو ٹریک پر نصب دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق دھماکے سے ٹریک بھی تباہ ہوا اور 6 فٹ گہرا گڑھا پڑگیا۔ جعفر ایکسپریس کو میرپور ماتھیلو پاکستان ایکسپریس کو گھوٹکی ریلوے سٹیشن پر روک لیا گیا۔ رات گئے تک ریلوے حکام ٹریک کی مرمت کرکے ٹرینوں کی آمد ورفت بحال کرنے کی کوششیں کرتے رہے۔