• news

چین اور سعودی عرب کے سفیروں سے ملاقات: توانائی بحران سمیت درپیش مشکلات پر قابو پا لیں گے: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) اور چین میں موجودہ قیادت کے دور اقتدار کے دوران پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے مابین اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور پاک چین دوستی معاشی اور اقتصادی تعاون کے سودمند روابط میں بدل گئی ہے۔ چین کی حکومت اورلیڈر شپ نے پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پاکستانی قوم چین کی قیادت کی شکرگزار ہے۔ چین کی جانب سے پاکستان میں توانائی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بھرپور تعاون اور سرمایہ کاری کا فائدہ براہ راست پاکستانی عوام کو پہنچے گا۔ بہت جلد توانائی بحران سمیت ملک و قوم کو درپیش دیگر مشکلات پر قابو پا لیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر سان ویڈانگ سے ملاقات کے دوران کیا ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری پیکیج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ چین کی لازوال دوستی پر اہل پاکستان کو فخر ہے جو آزمائش کے ہر معیار پر ہمیشہ پوری اتری ہے، چین کی طرف سے 32 ارب ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری ، دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون میں اضافے کے اقدامات خوش آئند اور پاکستانی عوام کے لئے تحفہ ہیں اوریہ تاریخی اقدامات پاکستان کے عوام کے مسائل خصوصاً توانائی بحران کے حل میں مدد گار ثابت ہونگے۔ 32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح وبہبود پر امانت سمجھ کر صرف کریں گے۔ توانائی کے شعبہ میں چین کا پاکستان کے ساتھ بے پایاں تعاون پاکستانی عوام کے ساتھ والہانہ محبت کا ثبوت ہے۔ چین کی ہمہ جہت ترقی قابل رشک ہے اورپاکستان چین کی فنی مہارت کا بھرپور فائدہ اٹھا کر ملک و قوم کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ دونوں ملکوں میں دیرپا دوستانہ رشتے وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط تر اور نئے عہد میںداخل ہو رہے ہیں جو دنیا کے لئے ایک مثال ہیں۔ پاکستان نے چین سے ترقی اور خوشحالی کا سبق سیکھ لیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوںکی صف میںلانے کے لئے عزم و استقلال اور جہد مسلسل کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور بہت جلد توانائی سمیت ملک و قوم کو درپیش دیگر مشکلات پر قابو پا لیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے پاکستان میں معاشی استحکام کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ چین نے پاکستان سے اپنی دوستی کا حق ادا کیا ہے اور مالی اور فنی امداد اور تعاون کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جن سے قومی معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہو رہی ہے۔ ملاقات کے دوران چین کے سفیر نے بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ چین کے صدر اور وزیر اعظم پاکستانی وزیر اعظم پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں اور انہیں انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ  شہباز شریف کا حالیہ برسوں میں پاک چین دوستی کو مستحکم کرنے کے لئے بہت زیادہ کنٹری بیوشن ہے اور چینی قیادت وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی محنت اور عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ چین کے سفیر نے کمیونسٹ پارٹی چائنہ کی جانب سے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز صالح الغدیر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کی بنیاد لازوال تاریخی اور روحانی رشتوں پر استوار ہے۔ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کی دوستی پر فخر کرتے ہیں۔ عوام سعودی عرب سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیںاور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں ہمیشہ شریک رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہسعودی عرب وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتاہے  اور اس مقصد کیلئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے سعودی حکومت کی طرف سے پاکستان کے عوام کی خوشحالی کے لئے ہر ممکن تعاون کایقین دلایا۔ 

ای پیپر-دی نیشن