• news

ایشین سنوکر چیمپئن شپ محمد آصف اسجد اقبال نے مسلسل دوسری کامایبی حاصل کر لی

دبئی (نوائے وقت رپورٹ؍اے پی پی) 30 ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ کے دوسرے روز پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف ٹوبا اور اسجد اقبال نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ حمزہ اکبر کو پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ متحدہ عرب امارات میں جاری ایونٹ میں اتوار کو کھیلے گئے گروپ ایچ کے میچ میں پاکستان کے حمزہ اکبر کا مقابلہ ایرانی کیوئسٹ سہیل وحدی سے تھا۔ سہیل نے حمزہ اکبر کو دلچسپ مقابلہ کے بعد 4-2 فریمز سے شکست دی۔ گروپ ایف کے میچ میں پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف ٹوبا کا مقابلہ حریف متحدہ عرب امارات کے کیوئسٹ عبدالرحمان سے تھا۔ آصف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کیوئسٹ کو 4-1 فریمز سے با آسانی شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ آصف کی جیت کا سکور 73-13، 63-20، 48-67، 89-32 اور 56-19 رہا۔ گروپ پی کے میچ میں پاکستان کے اسجد اقبال نے شاندار کھیل کی بدولت میزبان متحدہ عرب امارات کے کیوئسٹ محمد شہاب کو 4-2 فریمز سے ہرا کر مسلسل دوسری فتح سمیٹی۔ اسجد کی جیت کا سکور 89-38، 21-35، 72-63، 59-5، 37-65 اور 60-42 رہا۔

ای پیپر-دی نیشن