اسلام آباد‘ مظفرآباد ریلوے لائن منصوبہ میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں: کورین سفیر
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر جانگ وان سانگ نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا پاکستان میں ریلوے کے نظام کو جدید بنانے اور اسلام آباد مظفرآباد ریلوے لائن کی تعمیر میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے۔ وقت نیوز کے پروگرام ایمبیسی روڈ میں انٹرویو دیتے ہوئے جنوبی کوریا کے سفیر نے جنوبی کوریا کے وزیراعظم کے حالیہ دورہ پاکستان کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ اس دورے میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں ان سے پوچھا گیا کہ کیا جنوبی کوریا توانائی کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہے تو جنوبی کوریا کے سفیر نے کہا کہ جنوبی کوریا کی کمپنیاں گڈانی میں پاور پلانٹس لگانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ پہلے جنوبی کوریا کی کمپنیاں آزادکشمیر سمیت دوسرے علاقوں میں پاور پلانٹس پر کام کر رہی ہیں۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے بتایا کہ جنوبی کوریا مالاکنڈ اور دیر ٹنل کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ یہ دونوں ٹنل تعمیرہوگئے تو پاکستان کو وسط ایشیا کے ملکوں تک تجارت کے حوالے سے رسائی مل جائیگی۔ کوریا کے سفیر نے کہا کہ اسلام آباد لاہور موٹر وے پاکستان اور جنوبی کوریا کے تعاون اور دوستی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ جنوبی کوریا کے سفیر سے پوچھا گیا کہ موجودہ حکومت اس مرتبہ بھی ملک میں موٹر ویز بنانے میں دلچسپی رکھتی ہے تو انہوں نے کہا لاہور کراچی موٹر وے کی تعمیر میں حصہ لے گا۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے کہا کہ موٹر ویز کی تعمیر اب زیادہ منافع بخش نہیں اسلئے کہا نہیں جا سکتا کہ جنوبی کوریا کی کمپنیاں موٹر ویز کی تعمیر میں دلچسپی لیں گی۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے جنوبی کوریا میں سانحہ کشتی کے ڈوبنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے اظہار ہمدردی پر انکا شکریہ ادا کیا۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے کہا کہ میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارت کو 1.5 ارب ڈالر سے بڑھا کر 5 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتا ہوں۔