نندی پور پاورپراجیکٹ‘ اقدامات کا تمام کریڈٹ وزیراعلیٰ شہباز شریف کو جاتا ہے
لاہور (این این آئی) ماضی میں مجرمانہ غفلت اور ردی کی ٹوکری کی نذر ہونے والے انتہائی اہم نندی پور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن سے پیداوار آئندہ ماہ شروع ہو جائے گی اور وزیراعظم محمد نواز شریف اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ چین کی مدد سے نندی پور پر لگائے جانے والے منصوبے کی مشینری گزشتہ وفاقی حکومت کے تین سال تک کراچی پورٹ پر موسموں کی نذر ہوتی رہی۔ اس اثناء میں نہ صرف قیمتی مشینری زنگ آلود ہوتی رہی بلکہ پرزے اور کیبلز بھی چوری ہوتی رہیں۔ موجودہ حکومت نے جہاں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے دیگر منصوبے شروع کئے ہیں وہاں اقتدار میں آتے ہی نندی پور پراجیکٹ کی دوبارہ بحالی اور منصوبے کو شروع کرنے کے حوالے سے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا گیا جس کا تمام تر کریڈٹ وزیراعلیٰ شہباز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے نہ صرف چینی حکام سے اس منصوبے کی تیزی سے تکمیل کے حوالے سے بات چیت کی بلکہ مختصر ترین عرصے میں مشینری کی نندی پور کے مقام پر منتقلی اور کا م کے آغاز کو یقینی بنایا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ایک مرتبہ پھر اپنی رفتار اور معیار کے ہدف کو یقینی بنا کر ثابت کیا ہے اگر ہمت و جذبے سے کام لیا جائے تو راستے میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آ سکتی۔