قربانیاں دینے والے ہیں موت سے نہیں ڈرتے جلد پنجاب کے عوام کے درمیان ہونگا: بلاول
لاہور/اوکاڑہ(آئی این پی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے پیپلزپارٹی آج بھی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے اور ہم پیپلزپارٹی کو پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں مزید مضبوط اور فعال بنائیںگے ‘ہم قربانیاں دینے والے ہیں موت سے نہیں ڈرتے بہت جلد پنجاب کے عوام اور کارکنوں کے درمیان موجود ہوںگا‘ بے نظیر بھٹو شہید کا مشن میرا اور پیپلزپارٹی کا مشن ہے جسے ہر صورت مکمل کیا جائے گا ۔ وہ اپنے دورہ پنجاب کے حوالے سے صوبائی صدر میاںمنظور احمد وٹو اور دیگر سے ٹیلی فونک گفتگو کرر ہے تھے۔ بلاول نے کہا پیپلزپارٹی کو کمزو ر سمجھنے والے سیاست کی الف ب سے بھی واقف نہیں عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کو ایک سازش کے تحت پنجاب میں ہرایا گیا لیکن پیپلزپارٹی کے کارکنان اور عوام اس تاریخی دھاندلی کے بارے میں اچھی طرح جانتے ہیں ۔ پیپلزپارٹی آج بھی غریب لوگوں کے دل کی دھڑکن ہے اور ہم پنجاب سمیت ملک بھر میں مزید مضبوط اور فعال بنائیںگے اور پیپلزپارٹی ہی غریب عوا م کے حقوق کی جنگ لڑے گی ۔ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے دنیا کی کوئی طاقت پیپلزپارٹی کو خوف زدہ نہیں کر سکتی ۔ پنجاب کے عوام اور کارکنان کی محبت میرے دل میں ہے اور میں بہت جلد پنجاب کے عوام اور کارکنوں کے درمیان موجود ہوںگا۔