• news

ملائیشیا: مسجد کا دورہ، مذہبی فسادات میانمار کو غلط سمت میں لے جائینگے: امریکی صدر

کوالالمپور (نیٹ نیوز + ایجنسیاں) امریکی صدر بارک اوباما نے ملائیشیا کے دورے کے دوران کوالالمپور کی مرکزی مسجد کا دورہ کیا۔ وہ جوتے اتار کر مسجد کے اندر گئے۔ اس موقع پر اوباما کی اہلیہ مشل بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ملائیشیا کی قدیم ثقافتی نگارا مسجد کے دورے کے دوران صدر بارک اوباما نے امام اسماعیل محمد سے ملاقات کی۔ امریکی صدر مسجد کے قریب دفن سابق وزیر اعظم عبدالرزاق حسین کی قبر پر بھی گئے۔ بارک اوباما پچاس برس میں ملائیشیا جانے والے پہلے امریکی صدر ہیں۔ علاوہ ازیں امریکی صدر بارک اوباما نے ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوسرے روز کہا ہے کہ امریکہ اور ملائیشیا شراکت داری کا ایک نیا دور شروع کرنے کو ہیں۔ یہ بات انہوں نے ملائیشیائی بادشاہ عبدالحلیم موضم کے ساتھ ایک ریاستی عشایئے میں کہی جس کے بعد انہوں نے وزیراعظم نجیب رزاق سے ملاقات کی۔ امریکی صدر اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ کے ملائشیا کے ساتھ پہلے سے قریبی تعلقات ہیں، امریکہ لاپتہ طیارے کی تلاش میں ملائیشیا کی مدد جاری رکھے گا، یوکرائن کے معاملے پر روس نے اشتعال انگیزی جاری رکھی تو وہ نتائج کا خود ذمہ دار ہوگا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق دورہ ملائیشیا کے موقع پر کوالالمپور میں ملائیشین وزیراعظم نجیب رزاق کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر ملائشیا کی خطے میں مرکزی حیثیت ہے۔ ملائشیا اور امریکہ مل کر شراکت داری منصوبے پر جامع پالیسی مرتب کریں گے۔ ملائیشیا اور امریکہ کی شراکت داری سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ ہماری مکمل شراکت داری سے رنگ، نسل، مذہب اور زبان کے تعصب کے بغیر نئے مواقع کے دروازے کھلیں گے۔ وزیر اعظم نجیب رزاق کا کہنا تھا کہ ملائشیا اور امریکہ کے درمیان پہلے سے زیادہ قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے امریکہ کی جانب سے ایشیا میں توازن کے قیام کے لئے کوششوں کا خیرمقدم کیا اور طیارے کی تلاش میں امریکی تعاون پر صدر اوباما کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں ٹائون ہال میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ مذہبی فسادات میانمار کو غلط سمت میں لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میانمار میں بہت سے مذہبی گروپ ہیں اگر انہوں نے سیاسی طور پر منظم ہونا شروع کردیا تو یہ میانمار میں تصادم کی وجہ بن سکتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن