• news

بھارت سے زرعی درآمدات پر کڑی نظر ہے، خطرے پر حفاظتی اقدامات کرینگے: خرم دستگیر

لاہور (این این آئی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستانی کسان حکومت پر اعتماد کریں ان کے مفاد پر کسی قسم کی سودے بازی نہیںکی جائے گی، بھارت کے ساتھ زرعی درآمدات پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں اورکسی بھی خطرے کی صورت میں فوری تجارتی حفاظتی اقدامات کریں گے۔ ایک انٹرویو میں وزیر تجارت نے کہا کہ موجودہ حکومت اتنی غافل نہیں کہ وہ اپنے کسان بھائیوں کو برباد کرے۔ موجودہ حکومت سوچ بچار اور ہوم ورک کے ساتھ تجارتی معاہدے کرے گی تاکہ بعد میں اس کو پچھتانا نہ پڑے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی چین کے ساتھ اور چین کی کوریا کے ساتھ دیرینہ عداوت چلی آر ہی ہے لیکن دنوں ملک اربوں ڈالر کی تجارت کر رہے ہیں لہٰذاہمسایہ ملک ہو یا خطے کا کسی سے تجارت کو بند نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے 10برس میں بجلی کی پیداوار 40 سے 45 ہزار میگاواٹ ہو جائے گی پھر بجلی وافر اور سستی ملے گی۔ایل این جی کا ٹرمینل اس برس کے آخر یا آنے والے سال کے شروع میں کام شروع کر دے گا ۔ اس ٹرمینل سے درآمدی گیس لائی جائے گی جس سے گیس کی کمی بھی پوری ہو جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن