• news

11 مئی سے جمہوریت نہیں دھاندلی کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کررہے ہیں: عمران

لاہور( این این آئی +  آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں خون خرابے کے بغیر امن کا قیام پوری قوم کی خواہش ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ مذاکرات انتہائی پیچیدہ اور صبر آزما معاملہ ہے لیکن دونوں طرف سے دانشمندی اور سنجیدگی سے اسکے جلد نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں، قومی ادارے ہمارے دفاع کی ضمانت ہیں او رپوری قوم انکی پشت پر ہے۔ ایک انٹر ویو میں عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ عوام کے نام پر اقتدار میں آنے والے عوام کی مشکلات میں کمی کی بجائے ان میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا 11مئی کے احتجاج کیلئے تیاریاں جاری ہیں اور عوام تحریک انصاف کی آواز پر لبیک کہنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے مذاکرات کے سلسلے کو آگے بڑھتے رہنا چاہیے ۔ دہشت گرد ی کیخلاف جنگ میں عوام، سکیورٹی اداروں اور پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق عمران خان نے کہا کہ 11 مئی سے جمہوریت نہیں دھاندلی کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کررہے ہیں، جمہوریت کو کمزور نہیں مضبوط کرنے کے حامی ہیں مگر دھاندلی سے جمہوریت مضبوط نہیں ہوسکتی، کسی کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ مارنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہم دھاندلی کیخلاف ملک کے کونے کونے میں احتجاج کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن