• news

دریائے راوی میں نہاتے نوجوان ڈوب گیا‘ دوسرے نے بچاتے ہوئے جان دیدی

نارووال (نامہ نگار) دریائے راوی میں موضع چندیانوالی کے قریب نویں کلاس کے 15‘ 16 سالہ دو نوجوان ڈوب گئے۔ ریسکیو 1122 نے آٹھ گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد ایک نوجوان کی نعش تلاش کر لی جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ ریسیکو 1122‘ مقامی غوط خور اور رینجر کے جوان نعش کی تلاش میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روز نارووال کے رہائشی عظیم ریاض اور اسماعیل محبوب اپنے اکیڈمی کے استاد اور دوستوں کے ہمراہ دریائے راوی پر موضع چندیانوالی کے قریب پکنک کیلئے گئے تھے۔ عظیم اور اسماعیل دریائے راوی میں صبح گیارہ بجے کے قریب نہانے کیلئے اترے۔ ان کے دوستوں کے مطابق عظیم اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوبنے لگا جس کو بچانے کیلئے اس کا دوست اسماعیل بھی اس کے پیچھے گیا لیکن وہ بھی گہرے پانی میں جا کر ڈوب گیا ان کے ٹیچر نے بھی ان کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ نوجوانوں کو نہ بچا سکا۔ ان کے ڈوبنے کی اطلاع پر بچوں کے اہل خانہ وہاں پہنچ گئے بچوں کے والدین پر غشی کے دورے پڑنے لگے۔ اس خبر پر نارووال اور گرد و نواح کے سینکڑوں لوگ وہاں پہنچ گئے اور مقامی لوگ بھی تلاش میں مصروف ہیں۔ وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال چودھری ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ اور مقامی انتظامیہ کے ذمہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن