• news

نارنگ: پولیس اہلکار کا دولہا دلہن پر کار سے اتار کر تشدد، سینکڑوں دیہاتیوں کا مظاہرہ

نارنگ منڈی (نامہ نگار) نواحی ڈیرہ دینداراں میں مکلاوہ کے روز دولہا اور دلہن کو کار سے اتارکر تشدد کا نشانہ بنانے پر پولیس اہلکار اور ساتھیوں کیخلاف پورا گائوں سراپا احتجاج بن گیا۔ زخمیوں کی چارپائیاں نارنگ موڑ پر رکھ کر4گھنٹے تک مین روڈ بلاک  رکھا اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ خواتین روتی اور غنڈہ گردی کے خلاف سینہ کوبی کرتی رہیں دو خواتین سمیت چار مظاہرین گرمی کی تاب نہ لاتے ہوئے بیہوش ہوگئے۔ مظاہرین نے گرڈ روڈ بھی بلاک کئے رکھا اور بعدازاں تھانہ نارنگ منڈی کا بھی گھیرائوکیا گیا بتایا جاتا ہے کہ گائوں کے محنت کش عبدالستار کی بیٹی عظمیٰ کی شادی دولہا اشفاق فیض سے ہوئی مکلاوہ کے روز دولہا دلہن کی کار جب گائوں میں داخل ہوئی تو پولیس اہلکار گلو وغیرہ راستہ میں ایک بینچ پر بیٹھے تھے کار ڈرائیور نے راستہ دینے کو کہا تو وہ طیش میں آگئے اور دولہا دلہن کو کار سے نکال کر تشد د کا نشانہ بنایا اس دوران گائوں والے اکٹھے ہوگئے تو گلو وغیر ہ دس افراد نے عورتوں بچوں بوڑھوں کو مار مارکر ادھ موا کر دیا۔ ملزم للکارے مارتے رہے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔ واقعہ کے باعث پورا گائوں مشتعل ہو گیا اور دن بھر شدید احتجاج کرتے رہے مظاہرین نے بتایاکہ ملزمان کے وحشیانہ تشدد سے دولہا دلہن کی حالت تشویش ناک ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب ازخود نوٹس لیں اور ہمیں انصاف دلائیں ورنہ ہم احتجاج جاری رکھیں گے۔ ایس ایچ او افتخار بھٹی نے بتایاکہ انویسٹی گیشن جاری ہے۔ ملموں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن