• news

راہول گاندھی کے خلاف متنازعہ بیان: بابا رام دیو کے جلسوں اور یوگا کیمپ پر پابندی

نئی دہلی (بی بی سی) بھارت کی ریاست اترپردیش کی لکھنو ضلع کی انتظامیہ نے بابا رام دیو کے انتخابی جلسوں اور یوگا کیمپ پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ پابندی صرف لکھنو میں ہونے والے ان کے جلسوں اور یوگا کیمپ پر ہو گی۔ رام دیو نے جمعہ کو ایک پروگرام میں کہا تھا کہ راہول گاندھی دلتوں کے گھر میں ’’ہنی مون اور پکنک‘‘ منانے جاتے ہیں۔ اس کے بعد ان کے خلاف اترپردیش میں دو مقدمہ درج کرائے گئے‘ ایک لکھنو میں اور دوسرا سون بھدر میں۔ خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق سون بھدر میں ضلع پنچایت چیئرمین انیتا راکیش نے دلت خواتین کی توہین کیلئے رام دیو کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ رام دیو نے ہفتہ کو اس بیان پر صفائی پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’راہل جی کے بارے میں جو میں نے کہا تھا‘ اسے غلط طریقے سے پیش کیا گیا تھا دلتوں اور راہل گاندھی کی توہین کرنا ہمارا مقصد نہیں تھا‘‘۔ رام دیو کے بیان پر کانگریس نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے جبکہ بی جے پی کے کچھ رہنماؤں نے اس کا دفاع کیا ہے۔ کچھ نے اسے غلط بھی قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن