تمام ادارے آئینی حدود میںرہیں، تصادم سے جمہوریت کو نقصان ہوگا: رضا ربانی
اسلام آباد (آن لائن) سینٹ میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ ملک میں اداروں کے درمیان تصادم کی صورت میں جمہوری سسٹم ڈی ریل ہو گا اور کسی طالع آزما نے مہم جوئی کی تو پاکستان کی جغرافیائی حدود کو خطرات لاحق ہوں گے۔ اداروں کو مہم جوئی کی بجائے افہام تفہیم سے کام لیتے ہوئے اپنی اپنی حدود میں رہنا ہوگا۔ وزیر اعظم کو کسی کا ساتھ دینے کی بجائے لیگل طریقہ کار کے تحت ایکشن لینا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور پاکستان کو داخلی اور بیرونی سرحدوں پر بھی خطرات لاحق ہیں ۔ تمام ادارے اپنی حدود سے تجاوز نہ کریں ۔18 ویں ترمیم کے بعد 19 ویں ترمیم کو لایا گیا اور پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ نے ماضی میں بردباری سے کام لیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو موجودہ حالات میں اگر کوئی مشکل فیصلے کرنا پڑیں تو کسی ادارے کے دبائو کے باوجود قانون کے مطابق فیصلہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے طویل جدوجہد کے بعد یہ مقام حاصل کیا ہے۔تمام سیاسی جماعتیں میڈیا کے ساتھ کھڑی ہیں۔آزادی صحافت پر پابندی ریاست اور جمہوریت کے لئے مناسب نہیں ہوگا۔