دہشت گردی پر قابو، نیا چیلنج، 71 لاکھ شناختی کارڈ تصویر، ایک کروڑ فنگر پرنٹس سے خالی
اسلام آباد(آئی این پی) ملک میں جاری بدامنی و دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے وزارت داخلہ کو غیر رجسٹرڈ موبائل فون سمز کو بند کرنے کے علاوہ ایک اور چیلنج درپیش آگیا۔ ملک بھر میں 71 لاکھ شناختی کارڈ بغیر تصویر اور ایک کروڑ 9 لاکھ سے زائد ایسے شناختی کارڈ ہیں جن کے بائیو میٹرک فنگر پرنٹس دستیاب نہیں ہیں۔ نادرا کی جانب سے جاری کردہ 71 لاکھ 35 ہزار 609 ایسے شناختی کارد ہیں جن پر کارڈ رکھنے والے کی تصویر نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق بغیر تصویر والے یہ شناختی کارڈ خواتین کے ہیں۔ ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ کسی بھی شخص کی شناخت اور تصویر کیلئے جدید بائیومیٹرک فنگر پرنٹ مشین کا سہارا لیا جاتا ہے لیکن بائیو میٹرک فنگرپرنٹس کے بغیر بھی ملک میں ایک کروڑ 9 لاکھ 20 ہزار 90 شناختی کارڈ موجود ہیں جن کے فنگر پرنٹس کی شناخت ممکن نہیں۔ بغیر بائیومیٹرک فنگر پرنٹس کے 51 لاکھ 9 ہزار سے زائد شناختی کارڈ مردوں کے جبکہ 58 لاکھ 10 ہزار 914 خواتین کے ہیں۔