اسلام آباد: ایف آئی اے کا چھاپہ، گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانیوالی ورکشاپ سیل، 3 افراد گرفتار
اسلام آباد(این این آئی) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے چھاپہ مارکر بلٹ پروف گاڑیاں بنانے والی ایک موٹر ورکشاپ کو سیل کرکے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ایک ایف آئی اے افسر کے مطابق سیکٹر الیون ای میں واقع اس ورکشاپ کو ایک نجی کمپنی چلا رہی تھی۔ چھاپے کے وقت ورکشاپ میں ایک ایس یو وی اور ایک فور بائی فور ٹرک کو بلٹ پروف بنایا جارہا تھا۔گرفتار ہونے والوں میں کمپنی کے محمد احسان اور ان کے دو پارٹنرز ریاض حسین اور جمیر احمد شامل ہیں۔ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام غنی نے نجی ٹی وی کو بتایا ورکشاپ کا انکشاف اس وقت ہوا جب وزارت داخلہ کو کراچی میں ایک شکایت موصول ہوئی جس میں ایک بلٹ پروف گاڑی سے متعلق این او سی کی توثیق کرنے کا کہا گیا تھا۔تحقیقات کے بعد پتہ چلا کہ وزارت داخلہ میں اشفاق نامی ایک سیکشن افسر جعلی این او سی جاری کرنے میں ملوث تھے جس کیلئے وہ ایک لاکھ دس ہزار روپے چارج کرتے تھے۔ اشفاق گرفتاری سے بچ گئے تاہم انکا کمپیوٹر ضبط کرلیا گیا ۔ کمپیوٹر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اشفاق اب تک 29 جعلی این او سی جاری کر چکے تھے۔ غنی نے کہا وزارت داخلہ کے ایک اسپیشل یونٹ سے جاری ہونے والے این او سی کے علاوہ اسے کہیں اور سے حاصل کرنا غیر قانونی ہے۔