• news

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کنڈیشننگ کیمپ کے لئے 36 کھلاڑیوں کا اعلان

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی سلیکشن کمیٹی نے معین خان کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں 6 مئی سے لاہور میں شروع ہونے والے کنڈیشننگ کیمپ کے لئے 36کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے۔قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل اور سابق کپتان شعیب ملک کنڈیشنگ کیمپ میں جگہ نہ بناسکے۔پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں 8اوپنر، 9 مڈل آرڈر بیٹسمین، چار آل راو¿نڈر، پانچ سپنر ، 8فاسٹ باو¿لر اور 2وکٹ کیپر شامل ہیں۔نیشنل سٹیڈیم میں منعقدہ اجلاس میں 6رکنی سلیکشن کمیٹی نے 36 کھلاڑیوں کے نام شارٹ لسٹ کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین کو بھیجے جن سے منظوری کے بعد کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ چیف سیلکٹر معین خان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے پہلے مرحلے کے لئے منتخب کئے گئے 36 کھلاڑیوں میں نظرانداز کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا ہے۔ کامران اکمل اور شعیب ملک کی کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی لیکن وہ پول میں شامل نہیں کئے گئے۔ ان سمیت کسی بھی کھلاڑی کیلئے ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوئے‘جو بھی بہتر کارکردگی دکھائی گا اسے مواقع دیئے جائیں گے۔کھلاڑیوں کی زیادہ عمر مسئلہ نہیں ‘فٹنس پر سمجھوتہ نہیںہوگا۔ اعلان کردہ کھلاڑیوں میں اوپنرز احمد شہزاد، ناصر جمشید، شرجیل خان، توفیق عمر، شان مسعود، عمران فرحت، یاسر حمید اور خرم منظور،مڈل آرڈر بیٹسمینوں میں مصباح الحق، اسد شفیق، یونس خان،عمر اکمل، اظہر علی، فیصل اقبال، صہیب مقصود، حارث سہیل، فواد عالم، محمد حفیظ، شاہد آفریدی، انور علی اور بلاول بھٹی، سپنروں میں عبدالرحمان، ذوالفقار بابر، رضا حسن، عاطف مقبول اور یاسر شاہ ،فاسٹ باو¿لروں میں عمر گل، محمد طلحہ، احسان عادل، محمد عرفان، وہاب ریاض، راحت علی، سہیل تنویر اور محمد سمیع جبکہ وکٹ کیپروں میں سرفراز احمد اور عدنان اکمل شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن