نواز شریف لندن چلے گئے، وزیراعظم ہائوس کی گیس کاٹنے کا فائدہ نہیں: بلاول
کراچی (آئی این پی+ این این آئی) پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہائوس کا گیس کنکشن منقطع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں‘ وزیراعظم تو لندن چلے گئے ہیں پیچھے غریب عملہ ہی نتائج بھگتے گا۔ گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ا یک پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شہیدوں کو ووٹ دینے پر صوبہ کے عوام کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بجلی کوئی اور چوری کرتا ہے اور بھاری بل سندھ کے چھوٹے قصبوں میں سٹریٹ لائٹس کی مد میں بھجوائے جا رہے ہیں۔ دریں اثناء این این آئی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجلی کے معاملے پر سندھ کے عوام کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے، اسے کسی صورت برداشت نہیںکیا جائیگا۔ گزشتہ روز بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول نے کہا کہ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے سندھ کے عوام کو بے رحم انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے معاملے میں تمام صوبوں کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے۔ وزیراعظم وفاقی وزراء کو چھوٹے صوبوں اور عوام کو تکلیف پہنچانے سے روکیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سندھ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا۔