• news

بیوی کے جسم میں جاسوسی کیلئے ٹریکر رکھوانے کے کیس کا فیصلہ آج سنایا جائیگا

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) بدکاری سے انکار کرنے پر شوہر کی جانب سے بیوی کو بے ہوش کرکے جاسوسی کیلئے جسم میں ٹریکر رکھوانے کے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ اور شوہر سمیت 5 افراد کیخلاف دائر اندراج مقدمہ کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج صفدر علی بھٹی نے فیصلہ آج 30 اپریل تک کیلئے محفوظ کیا ہے، عدالت کیس کا فیصلہ آج سنائیگی۔ فاضل عدالت میں گزشتہ روز مذکورہ کیس کی سماعت کی گئی۔ عدالت میں درخواست گزار صغریٰ بی بی کے شوہر نے موقف اختیار کیا کہ اسکی بیوی کا کردار ٹھیک نہیں ہے اور اس کی جانب سے لگائے گئے الزامات بھی جھوٹے ہیں۔ فاضل عدالت میں درخواست گزار تھانہ غازی آباد کی رہائشی خاتون صغریٰ بی بی نے دائر درخواست میں موقف اختیار کررکھا ہے کہ سائلہ کا شوہر سلیم اس سے زبردستی بدکاری کرواتا، وہ اپنے دونوں بچوں کو ساتھ لے کر گھر سے بھاگ گئی لیکن مذکورہ ملزمان نے اسکا سراغ لگا کر اسے بیہوش کرکے ساتھ لے گئے اور سروسز ہسپتال میں لاکر جسم میں جاسوسی کیلئے ٹریکر لگوا دیا۔ لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

ای پیپر-دی نیشن