• news

پرویز الٰہی نے پی پی 136 نارووال کے ضمنی الیکشن کیلئے رانا استخار کو ٹکٹ دیدیا

لاہور(خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے پی پی 136 نارووال کے ضمنی الیکشن کیلئے رانا محمد استخار کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی چودھری ظہیر الدین، کرنل (ر) محمد عباس، علی اسجد ملہی اور نارووال سے آئے مسلم لیگی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے رہنما و کارکن اس ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں۔ حلقہ کے عوام کو اپنی حکومت کے دوران عام اور غریب آدمی کی فلاح، ترقی و خوشحالی کیلئے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات اور موجودہ حکمرانوں کی وعدہ خلافیوں سے پوری طرح آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) اور حکومت کے ان خفیہ ہتھکنڈوں اور دھاندلی کو ناکام بنانا ضروری ہے جن کے ذریعہ اس نے پچھلے انتخابات میں ان بہت سی نشستوں پر بھی کامیابی حاصل کر لی جو وہ واضح طور پر ہار رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا راستہ روکنے اور اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے لیگی کارکنوں کو دن رات ایک کر دینا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن