• news

خیبر پی کے پولیس، خفیہ اداروں نے شدت پسندوں کی فہرستیں تیار کرلیں

پشاور (این این آئی) خیبر پی کے پولیس اور خفیہ اداروں نے شدت پسندوں کی فہرستیں تیار کر لیں۔ شدت پسندوں کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کر دیا گیا۔ سروں کی قیمت بھی مقرر کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق خیبر پی کے پولیس نے 70 شدت پسندوں کی فہرست تیار کر لی، دہشت گردوں کو 3 کیٹیگریز میں رکھا گیا۔ کیٹیگری اے میں پانچ بڑے شدت پسند شامل ہیں جن کے سروں کی قیمت دو کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ کیٹیگری بی میں جو شدت پسند شامل ہیں انکے سروں کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے جبکہ سی کیٹیگری میں 63 عسکریت پسندوں کے سروں کی قیمت ایک کروڑ روپے رکھی گئی۔ فہرستوں میں شامل شدت پسند زیادہ تر پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع میں حملوں میں ملوث ہیں۔ تیار کی گئی فہرستوں میں کالعدم تنظیموں کے سرغنہ بھی شامل ہیں۔ تینوں کیٹیگریز کی فہرستیں محکمہ داخلہ کو ارسال کردی گئی ہیں جنہیں بعدازاں میڈیا پر مشتہر بھی کیا جائیگا۔ فہرست میں شامل شدت پسندوں کا تعلق پشاور، صوابی، نوشہرہ اور فاٹا سے ہے۔ فہرست میں تحریک طالبان پاکستان مہمند ایجنسی کے امیر عبدالولی المعروف خالد خراسانی اور کالعدم لشکر اسلام کے سربراہ منگل باغ بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن