بینظیر بھٹو ویمن کرکٹ ٹورنامنٹ شروع‘ پہلے روز 2 میچوں کا فیصلہ
لاہور ( سپورٹس رپورٹر)تیسرا شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ویمن کرکٹ چیلنج ٹرافی ٹورنامنٹ لاہور میں شروع ہوگیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں سخت گرمی میں کرائے جانے والے ٹورنامنٹ کے پہلے روز دو میچ کھیلے گئے جن میں عمر ایسوسی ایٹ اور زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیموں نے کامیابی اپنے نام کی۔ گذشتہ روز پہلا میچ عمر ایسوسی ایٹ اور سیف سپورٹس ساگا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں عمر ایسوسی ایٹ نے 24 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں عمر ایسوسی ایٹس کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز کے اختتام4 وکٹوں کے نقصان پر 120رنز بنائے۔ جویریہ روئوف نے 50، منیبہ علی کے 30 رنز بنائے۔ سیف ساگا کی جانب سے سمعیہ صدیق نے2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میںسیف ساگا کی ٹیم مطلوبہ ٹارگٹ حاصل نہ کرسکی اور 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 96رنز ہی بناسکی۔ جس میں ناہیدہ خان کے 36اور ارمان خان کے 14رنز شامل تھے ۔ دوسرے میچ میں زرعی ترقیاتی بنک نے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کو 54 رنز سے ہرایا۔ زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 159 رنز بنائے ۔ بسمہ معروف 59 اور ثنا میر 40 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے انعم امین نے 3 جبکہ ارم جاوید اور حفصہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم 20اوورز میں 104 رنز ہی بنا سکی۔ عالیہ ریاض 18 رنز بنا کر نمایاں رہیں ۔