جسقم کی اپیل پر سندھ کے مختلف شہروں میں ہڑتال، کاروبار بند رہا
حیدرآباد (نوائے وقت رپورٹ) جسقم کے رہنما مقصود قریشی اور سلیمان ودھو کے قتل کا مقدمہ درج نہ کرنے کے خلاف جسقم کی اپیل پر سندھ کے مختلف شہروں میں ہڑتال جبکہ سندھ ، مہران اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی میں تدریسی عمل معطل رہا۔ حیدرآباد ، جامشورو، سکھر، نواب شاہ ، دادو، جیکب آباد ، لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں جئے سندھ قومی محاذ کی اپیل پر ہڑتال کی گئی۔ ان علاقوں میں دکانیں، پیٹرول پمپ بند رہے۔ تمام ٹریفک معمول سے انتہائی کم رہی۔ لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا کہ ہڑتال کے باعث یونیوسٹی میں بی ایس نرسنگ کا ہونیوالا پرچہ ملتوی کردیا گیا ، جس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ جسقم رہنما مقصود قریشی اور سلیمان ودھو 21مارچ کو نوشہروفیروز کے علاقے بھریا میں کار میں پراسرار طور پر آگ لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔