• news

وسیم اکرم کے والد طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے شہباز شریف، عمران خان اور دیگر کا اظہار افسوس

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کے والد چودھری محمد اکرم  گزشتہ روز طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئے۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ والد کی وفات کی  اطلاع فوری طور پر  ابوظہبی میں وسیم اکرم کو  دی گئی۔مرحوم کو گذشتہ رات نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سوگواروں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں وسیم اکرم، نعیم اکرم، انضمام الحق، وقار یونس، معین خان، اعجاز احمد، مشتاق احمد، وہاب ریاض کے علاوہ ماڈل ٹاون سوسائٹی کے صدر صاحبزادہ مخدوم ضیغم ہاشمی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے قران خوانی آج بعد نماز عصر رہائش گاہ 183 سی بلاک ماڈل ٹائون میں ہو گی۔   دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وسیم اکرم کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، اعجاز چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد، شبیر سیال اور دیگر رہنمائوں نے وسیم اکرم کے والد محمد اکرم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی ،چیف آپریٹنگ  آفیسر سبحان احمد ،ذاکر خان اور ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی نے سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم کے والد محمد اکرم کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے مٖغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے ۔انہوں نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہاکہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں وسیم اکرم کے ساتھ ہیں اللہ تعالی انہیں اس دکھ کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

ای پیپر-دی نیشن