ڈیفنس میں تشدد کر کے گھریلو ملازمہ کو قتل کرنیوالا ورثاء کے معاف کرنے پر بری
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد محمود نے 16 سالہ گھریلو ملازمہ کو تشدد کر کے ہلاک کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ڈیفنس کے رہائشی پروفیسر سلمان رفیق کو مقتولہ کے ورثاء کی جانب سے خوں بہا معاف کرنے پر بری کرنے کا حکم سنا دیا۔ استغاثہ کے مطابق 16 سالہ فضہ بتول جو کہ 145/E ڈیفنس میں پروفیسر سلمان رفیق کے گھر میں ملازمہ تھی، جسے پروفیسر نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اس کی ہلاکت ہوئی جس پر تھانہ ڈیفنس اے پولیس نے مقتولہ کے والد کی درخواست پر 18 جنوری کو مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا اور اسے جیل بھجوایا۔ مقتولہ کے والدین اور بہن بھائیوں نے عدالت میں پیش اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے ملزم کو معاف کردیا جس پر عدالت نے اسے بری کرنے کا حکم جاری کردیا۔