راولپنڈی: پڑوسیوں نے 10 سالہ بچی پر تیزاب پھینک دیا، حالت تشویشناک
راولپنڈی+ لاہور (آئی این پی + خصوصی رپورٹر) راولپنڈی کی بہار کالونی میں پڑوسیوں نے 10 سالہ بچی پر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں بچی کا چہرہ اور گردن شدید متاثر ہوئے، بچی کو تشویش ناک حالت میں بے نظیر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی رفتاری کا حکم دیدیا ہے۔ بدھ کو پولیس کے مطابق راولپنڈی کی بہار کالونی میں پڑوسیوں نے جھگڑے کے باعث مشتعل ہو کر 10 سال کی بچی پر تیزاب پھینک دیا، بچی کا چہرہ اور گردن شدید متاثر ہوئی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بچی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ پڑوسیوں کا آپس میں جھگڑا ہوا تھا، جس پر طیش میں آکر انہوں نے بچی پر تیزاب پھینکا، 10 سالہ کمسن بچی اپنی خالہ کے گھر رہنے آئی ہوئی تھی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ہدایت کی کہ متاثرہ بچی کو ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور تیزاب پھینکنے والے ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔