• news

بحر یہ ٹائون کا کلفٹن کے 2 انڈر پاسز اور فلائی اوور منصوبے ترک کرنے کا اعلان

کراچی (پ ر) بحریہ ٹائون کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ خالصتاً عوام کے مجموعی مفاد میں بحریہ ٹائون کی نجی لاگت کا 1.8 ارب کا کلفٹن کے دو انڈر پاسز اور فلائی اوور کا منصوبہ بحریہ ٹائون نے کینسل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پراجیکٹ کو ابتدا سے ہی منفی قوتوں کی بھرپور مخالفت اور گٹھ جوڑ کا نشانہ بنایا گیا۔ افسوس اس بات کا ہے کہ اس ساری گھنائونی سازش میں کراچی کے لوگوں کے مفاد کو یکسر نظرانداز کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق بحریہ ٹائون نے تمام تر منفی پروپیگنڈے اور سازشوں کے باوجود کراچی کے عوام کو بحریہ ٹائون کی جانب سے تحفتاً اس پراجیکٹ کو ڈیلیور کرکے دینے کا عزم جاری رکھا، بار بار رکاوٹوں کے ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اس ملک میں خالصتاً ایمانداری کیساتھ لو گوں کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ کرنا دنیا کا مشکل ترین کام ہے۔گذ شتہ 45 دنوں کے اندر جب سے یہ پراجیکٹ شروع ہوا ہے ہمیں مسلسل عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے اور کام کو رکوانے کیلئے ایک سے زائد بار عدالت سے حکم امتناعی لیا گیا اسلئے ہم ان پراجیکٹ کو فی الفور ترک کرنے کا اعلان کر رہے ہیں اور کراچی کی عوام سے معذرت خواہ ہیں کہ تمام تر کوششوں کے باوجود ہم جدید ترین 2 انڈر پاسز اور فلا ئی اوور کا تحفہ انکو دینے سے قاصر ہیں۔ یہ پراجیکٹ جو 60% سے زائد مکمل ہوچکا ہے ہم اسکو یہیں پر روک رہے ہیں، ہم نے اس پراجیکٹ پر کام عدالتی حکم پر شروع کیا تھا مگر اب چاہے ہمیں عدلیہ کی طرف سے اجازت دے بھی دی جائے تو ہم یہ پراجیکٹ مکمل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

ای پیپر-دی نیشن