کرپٹ عناصر کا بس چلے تو غریب کے حصے کا آسمان بھی کھا جائیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ کرپٹ عناصر کا بس چلے تو غریب عوام کے حصے کا آسمان بھی کھا لیں۔ ملک میں امن کے قیام سے پاکستان ایک بار پھر ترقی کے راہ پراپنا سفر شروع کر ے گا۔ ماضی کی ہر حکومت نے خیبر پی کے کے حق پر ڈاکہ ڈالا اور موجودہ حکومت کا رویہ بھی ہمارے صوبے کے ساتھ متعصبانہ ہے۔ ملکی وسائل پر قابض پانچ فیصد اشرافیہ نے 19کروڑ عوام کے حقوق پر ڈا کہ ڈال رکھا ہے۔ حق کے حصول کے لے چترال سے کراچی تک کے عوام کو منظم ہونا ہو گا۔ وفاقی حکومت مذاکراتی عمل کو غنیمت سمجھ کر دیرپا امن کے لئے اقداما ت اُٹھائے۔ خیبر پی کے کے شہر دیرپائیں میں دستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اپنے دورہ انگلینڈ کے دوران دختر پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے اقداما ت یقینی بنائیں۔ اسلام آباد میں لاپتہ افراد پر پولیس تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت لاپتہ افراد کو رہا ئی دلوانے کی بجائے اُن کی ورثا ء کو بازاروں میں گھیسٹ کر دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی کا سبب بنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نجی ٹی وی چینل اورآئی ایس آئی کے تنازعہ سے بھارت سمیت دشمن قوتیں فائدہ اُٹھا رہی ہیں، نواز شریف اور راحیل شریف ملکر اس کا فوری حل نکالیں۔