• news

بھارت کا 500 زائرین کو ویزے دینے سے انکار‘ پاکستان کا احتجاج‘ ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

نئی دہلی+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بھارتی حکومت نے حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے عرس کے سلسلے میں درگاہ اجمیر شریف جانے کیلئے 500 پاکستانیوں کو عین وقت پر ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ نئی دہلی میں بھارتی حکومت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی زائرین کے ویزے سکیورٹی کے نقطہ نظر سے اور انکی بہبود کی خاطر منسوخ کئے گئے۔ ادھر پاکستان نے 500 عرس زائرین کو ویزے دینے سے انکار پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے انہیں پاکستانی حکومت کے موقف سے آگاہ کر دیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے زائرین اجمیر شریف کو ویزے جاری کرنے سے بھارت کے انکار پر مایوسی اور شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک کے ہاں زائرین کو ویزے 1974ء میں طے شدہ سمجھوتے کے تحت جاری کئے جاتے ہیں تاہم بھارتی حکومت نے ایک سال کے دوران پاکستانی زائرین کو چوتھی مرتبہ ویزے دینے سے انکار کیا جو نہ صرف دوطرفہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں اور عوام کے آپس کے رابطوں کی روح کے منافی بھی ہے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کا اجمیر شریف کے زائرین کو ویزا نہ دینا قابل مذمت ہے۔ دو ماہ پہلے اجمیر شریف کے زائرین کیلئے تمام دستاویزات اور کارروائی مکمل کر لی گئی تھی۔ بھارت کی جانب سے ویزا نہ جاری کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ پاکستان آنے والے سکھ اور ہندو زائرین کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن