• news

عمران کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں تو الیکشن ٹربیونل جائیں‘ بعض لوگ جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی سازش کر رہے ہیں: سپیکر قومی اسمبلی

لاہور (خصوصی رپورٹ+ ایجنسیاں) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت میں کوئی تناؤ اور اختلاف نہیں۔ آئی ایس آئی اور وزیر داخلہ بھی ایک پیج پر ہیں مگرکچھ لوگ سازش کے تحت اداروں میں ٹکراؤ اور محاذ آرائی کرنے اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی سازش کر رہے ہیں۔ عمران خان کو ذاتیات اور سیاست کے بجائے پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ عمران خان یوم سیاہ ضرور منائیں لیکن اگر انکے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں تو سپریم کورٹ جانے سے پہلے الیکشن ٹربیونل جائیں۔ عمران خان کے بارے میں بولنے کیلئے میرے پاس بہت کچھ ہے لیکن میں انکی باتوں کا جواب نہیں دینا چاہتا‘ جب تک تحقیقات نہیں ہوتی ایم کیو ایم کے الزامات کو جائز یا ناجائز نہیں کہا جا سکتا۔ تحفظ پاکستان بل ترمیم کے ساتھ دوبارہ اسمبلی میں آسکتا ہے، حکومت کے پاس پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا آپشن بھی موجود ہے۔ احتجاج کرنا سب کا جمہوری حق ہے مگر جمہوریت کی مضبوطی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا چاہئے۔ جامعہ اشرفیہ میں مولانا فضل رحیم سے انکے بھائی ولی اللہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلئے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان بل دوبارہ ترمیم کیساتھ قومی اسمبلی میں آسکتا ہے لیکن پہلے اس بل پر سینٹ سے پہلے تجاویز آئیں گی اس کے بعد ہی وہ دوبارہ اسمبلی میں آئیگا کچھ جماعتیں اب بھی اس بل کا حصہ نہیں بننا چاہتیں۔ جس طرح ہمارے لئے دیگر ادارے اہم ہیں اسی طرح میڈیا اور صحافی بھی اہم ہیں اور ہم سب نے ملکر ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا کر ملک میں جمہوریت اور اداروں کو مضبوط کرنا ہے کیونکہ جمہوریت اور اداروں کی مضبوطی سے ہی ملک بھی مضبوط ہوگا۔ ہمیں اداروں میں ٹکراؤ اور محاذ آرائی کی سازشوں کو ملکر ناکام بنانا ہے۔ دریں اثناء سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کریگی، ملک کو درپیش بحرانوں سے نجات دلا کر قوم کو پانچ برس کے بعد روشن اور ترقی یافتہ پاکستان دیکر جائینگے، سڑکوں پر آنے کا نعرہ لگانیوالے اس ملک میں افراتفری چاہتے ہیں، انہیں یہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہضم نہیں ہو رہا۔ وہ اپنے حلقہ انتخاب این اے 122 کی یونین کونسل 712 میں متعدد سڑکوں کے پیچ ورک اور دیگر ترقیاتی سکیموں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر اختر رسول اور چودھری یونس بھی موجود تھے۔ سردار ایاز صادق نے اہل علاقہ کے مطالبہ پر انہیں بتایا کہ لیسکو کو مزید ٹرانسفارمرز لگانے کیلئے فنڈز منتقل کر دئیے گئے ہیں۔ اگلے بجٹ میں میں اپنے حلقے میں یونین کونسل کی سطح پر مزید ترقیاتی سکیمیں منظور کرا کے مکمل کراؤنگا۔

ای پیپر-دی نیشن