• news

عالمی دوستوں کو یقین ہے پاکستان میں دیانتدار اور شفاف حکومت برسراقتدار ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک کو توانائی بحران اور انتہاپسندی کے ناسور سے نجات دلائیں گے، عوام سے کیا گیا ایک ایک وعدہ یاد ہے جسے ہر قیمت پر پورا کریں گے، ہمارے لئے یہ بات باعث اعزاز ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی کو برطانیہ کے وزیراعظم، وزیرخارجہ ، وزیرداخلہ اور وزیر برائے بین الاقوامی ترقی نے شاندار الفاظ میں سراہا ہے، یہ محض حسن اتفاق نہیں کہ ہمارے عالمی دوست پاکستان سے دل کھول کر تعاون کررہے ہیں بلکہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان میں ایک دیانتدار، ذمہ دار اور شفافیت پر یقین رکھنے والی حکومت برسراقتدار ہے، اگر ایسا نہ ہوتا تو ہمارے دوست اپنی یہ بند مٹھی پہلے بھی کھول سکتے تھے۔ ہم دوست ممالک کے شکرگزار ہیں کہ انہیں پاکستان اور پاکستانی عوام کی مشکلات کا احساس ہے، لیکن ہماری منزل خود مختاری، خود انحصاری اوراپنے وسائل کو بروئے کار لاکر خوشحالی کا حصول ہے۔ وہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اورکارکنوں کی جانب سے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔ شہبازشریف نے کہا کہ ایک برس قبل جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو حالات انتہائی خراب تھے، معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی تھی،کرپشن کا دور دورہ تھا۔ ہم نے تمام مشکلات کے باوجود عوام کی خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا اورآج ایک برس کے بعدصورتحال میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے، برطانیہ کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے چار اضلاع سے شروع کیا جانیوالا سکل ڈویلپمنٹ پروگرام خود انحصاری اور خودمختاری کی منزل کی طرف ایک حوصلہ افزا اقدام ہے جس کے تحت صوبے کے 40ہزار سے زائد نوجوانوں کو ہنر مند بنایا گیا ہے اور اب اس پروگرام کا دائرہ کار 18 اضلاع تک بڑھا دیا گیا ہے۔ ہر پاکستانی کو فخر ہونا چاہئے کہ پاکستان کا نام بیرونی دنیا میں مثبت الفاظ میں لیا جانے لگا ہے۔ پنجاب حکومت نے اوورسیزپاکستانیوں کیلئے کمشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کمشن کے قیام میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تجاویز اور سفارشات کو اولیت دی جائیگی۔ سابق حکمرانوں کے لالچ اور بدترین مجرمانہ غفلت کے باعث 450 میگاواٹ کا نندی پور پاور پراجیکٹ 3 برس تک سرد خانے میں پڑا رہا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آتے ہی اس اہم منصوبے کودوبارہ زندہ کیا اورصرف چند ماہ کے اندرمنصوبے پر اس تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ کام کیا گیا کہ پہلی ٹربائن جو کہ نومبر 2014ء میں چلنی تھی وہ رواں ماہ بجلی کی پیداوار کا آغاز کررہی ہے۔ ایک برس کے دوران ہمارے مخالفین بھی ایک پائی کی خیانت کا الزام نہیں لگا سکے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے بہاولپور کے علاقہ ٹیل والا میں آٹھویں جماعت کے طالب علم سے بداخلاقی کے بعد قتل کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور چنیوٹ میں 5 سالہ بچی کو ونی کرنے کے واقعہ پر ڈی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری منیر کی بہن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن