• news

علی گیلانی نے پاکستان آنے کیلئے سفری دستاویزات کی درخواست دیدی

اسلام آباد (سلطان سکندر) معلوم ہوا ہے کہ بزرگ کشمیری رہنما اور کل جماعتی حریت کانفرنس (گیلانی) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی حکومت کی طرف سے مثبت اشارہ ملنے پر پاکستان آنے کے لئے سفری دستاویزات کی درخواست دے دی ہے اور سفری دستاویزات ملنے کی صورت میں وہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے اندر پہلی بار پاکستان  آ سکتے ہیں۔ انہیں کشمیر امریکن کونسل کے زیراہتمام پیر 5 مئی کو اسلام آباد میں ہونے والی انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس میں شرکت کے لئے کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام نبی فائی نے دعوت دی ہے۔ قبل ازیں سید علی گیلانی سابق صدر پرویز مشرف کی دعوت پر پاکستان آنے سے انکار کر چکے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے مرحوم امیر قاضی حسین احمد کی دعوت پر وہ سفری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے نہ آ سکے تھے۔ اب تک وہ پاکستان اور اسلام آباد میں مختلف کانفرنسز اور پریس کانفرنسز سے ٹیلی فونک خطاب کرتے رہے ہیں۔ کشمیر امریکن کونسل کی دعوت پر سری نگر سے میر واعظ عمر فاروق‘ شبیر احمد شاہ اور محمد یاسین ملک بھی سفری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد نہ آ سکیں گے۔ مؤخر الذکر دونوں کشمیری رہنما اینٹی الیکشن احتجاجی مہم میں حصہ لینے کی پاداش میں ان دنوں تھانے میں بند ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن