بنوں چھاؤنی پر راکٹ حملہ، جانی نقصان نہیں ہوا، ہنگو میں بم ناکارہ بنا دیا گیا
بنوں + ہنگو (آن لائن) بنوں چھائونی پرنامعلوم ملزمان کا راکٹوں سے حملہ راکٹ گولے قریبی آبادی میں گھروں کی چھتوں پر گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گزشتہ شب تقریباً تین بجے نامعلوم ملزمان نے نامعلوم سمت سے بنوں چھائو نی پر یکے بعد دیگرے تین راکٹ گولے فائر کئے جو تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع بنوں چھائونی سے متصل عادل کالونی کے قریب گر کر زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے۔ دھماکوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ علاوہ ازیں پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگو کے علاقے لختی بانڈہ میں دہشت گردوں کی جانب سے گھر کے باہر دیسی ساختہ بم نصب کیا گیا تھا جس کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا گیا جس کے بعد بی ڈی ایس کے اہلکاروں نے دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بنا دیا۔ علاوہ ازیں مہمند ایجنسی تحصیل حلیم زئی سرہ کڑاپے میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا جس میں ایک 17 سالہ مشکوک نوجوان طالب منصف خان نے اپنے آپ کو حوالے نہ کرنے کی صورت میں فورسز نے ان پر فائرنگ کی جس سے وہ موقعہ پر جاں بحق ہوگیا۔ صوابی کے پہاڑی علاقہ گدون آمازئی میں ملک آباد بیسک روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے آئی ڈی ایس پولیس وین کو نقصان پہنچا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ دریں اثنا کوہاٹ میں تحریک انصاف کے ایک مقامی رہنما کے گھر کے باہر ہفتے کو ایک دھماکہ ہوا تاہم اس میں کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔