عوامی خدمت اور رواداری کی سیاست کرتے ہیں ، دوستوں کا ساتھ نہیں چھوڑتے: پرویز الٰہی
لاہور (پ ر) (ق) لیگ کے سینئر رہنما چودھری پرویزالٰہی سے یہاں انکی رہائشگاہ پر چک جھمرہ فیصل آباد کی معروف سیاسی شخصیات اور پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری خالد مصطفی باجوہ نے متعدد شخصیات کے ہمراہ ملاقات کی اور حسن مصطفی باجوہ، چودھری سرور گجر اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت (ق) لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری خالد باجوہ نے کہا کہ میرے والد چودھری غلام مصطفی باجوہ اور بھائی طارق باجوہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ایم این اے رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام کی جو خدمت کی اور معاشرہ کے ہر طبقہ بالخصوص عام آدمی کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو تاریخی اقدامات کئے گئے ان پر عوام آج ان کا دور یاد کررہے ہیں۔ پرویزالٰہی دور میں امن و امان کی صورتحال آج کی نسبت بہت بہتر تھی، قیمتیں بھی کم تھیں، مسلم لیگ (ن) کے حکمران مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں، عوام کو بجلی ملتی ہے نہ گیس، بجلی کی لوڈشیڈنگ 6 ماہ میں ختم کرنے کے دعوے کرنے والے اب عوام کیلئے لوڈشیڈنگ کے بدترین عذاب کے دعوے کر رہے ہیں۔ پرویزالٰہی نے چودھری خالد باجوہ اور انکے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہم عوامی خدمت اور رواداری کی سیاست کرتے ہیں اور دوستوں کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑتے۔ انہوں نے کہا ہم نے باقاعدہ پلاننگ کے ساتھ کام کیا، سڑکیں بنائیں تو 1122 کے علاوہ ہسپتال، سکول، کالج، پولیس پٹرولنگ پوسٹیں بھی بنائیں، مفت تعلیم اور ادویات کی سہولتیں فراہم کیں۔ ایک روٹ کی سڑک پر صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کا بجٹ صرف نہیں کیا، آج مہنگائی، جرائم، ناانصافی سمیت تمام خرابیاں عروج پر ہیں۔