• news

ناراض رہنمائوں سے رابطے‘ بلوچستان حکومت کی مذاکراتی کمیٹی قائم کرنے کی سفارش

اسلام آباد (این این آئی) وفا قی حکومت نے بلوچستان کے مسئلے کے حل کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔ صوبائی حکومت کی مذاکراتی کمیٹی قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔ یہ کمیٹی بیرون ملک بیٹھے ناراض بلوچ رہنمائوں سے رابطہ کریگی، نجی ٹی وی کے مطابق حکومت بلوچستان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ بلوچستان کے حل کیلئے مذاکراتی کمیٹی قائم کی جائے جس کے کوآرڈینیٹر بلوچستان پولیٹیکل فورم لندن کے صدر حلیم ترین کو مقررکیا جائے۔ کمیٹی بیرون ملک مقیم ناراض بلوچ رہنماؤں سے ملاقاتیں کریگی۔ صوبائی حکومت نے کمیٹی میں سیاسی رہنماؤں سردارذوالفقار کھوسہ، سردار شیرباز مزاری، بیگم عابدہ حسین اور حمید ہارون کو شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔ انسانی حقوق کمیشن کی رہنماعاصمہ جہانگیر کا نام بھی زیرغور ہے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس حوالے سے حلیم ترین سے دو مرتبہ رابطہ بھی کیا ہے، کمیٹی قائم ہونے کے بعد بیرون ملک مقیم ناراض بلوچ رہنماؤں خان آف قلات آغا سلیمان داؤد، نوابزدہ براہمدغ بگٹی اور میر حربیار مری سے ملاقات اور اس مسئلے کے حل انہیں مذاکرات پر آمادہ کرنے کیلئے ٹاسک دیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلو چ نے دورہ لندن کے موقع پر آغا سلیمان داؤد کے قریبی دوستوں سے ملاقات کی اور خان آف قلات سے ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کی تاہم خان قلات آغا سلیمان دائود نے ملاقات کرنے سے انکار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن