• news

پاک فوج کے حق میں (ق )لیگ کے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مظاہرے ،ریلیاں

لاہور (خبر نگار) ق لیگ کے قائدین شجاعت حسین اور پرویز الہٰی کی ہدایت پرگذشتہ روز پنجاب بھر میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں مسلم لیگی کارکنان و تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے  کثیر تعداد میںشرکت کی، مظاہرین نے افواج پاکستان کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک افواج کے حق میں نعرے درج تھے۔ لاہور میں سینیٹر کامل علی آغا اور میاں منیر کی زیرقیادت ریلی نکالی گئی جو مسلم لیگ ہائوس سے شروع ہوکر ضلعی پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ رہلی میں  میاں منیر، سیمل کامران، میاں عبدالستار،آمنہ الفت، سید بلال شیرازی، ماجدہ زیدی اور دیگر سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ کامل علی آغا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمنوں پر واضح کرنا چاہتے ہیں پاکستان کی سلامتی، بقا اور استحکام کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مضبوط پاکستان کیلئے مضبوط  فوج کی ضرورت ہے اور رہے گی۔ پاک فوج کا مورال گرانے کی کوشش کرنا ملک دشمن ایجنڈا ہے۔ بہاولپور میں نکالی جانیوالی ریلی کی قیادت ایم این اے طارق بشیر چیمہ نے کی جو میجر جہانزیب چوک سے شروع ہوکر پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ بشارت راجہ کی زیر قیادت راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں جو ضلعی پریس کلب کے باہر جلسے کے بعد اختتام پذیر ہوئیں، جلسے سے حافظ عمار یاسر، چوہدری محمد سرور گجر اور راجہ محمد ناصر نے خطاب کیا۔ گجرات میں سابق ضلع ناظم شفاعت حسین کی زیر قیادت ظہورالٰہی پلیس سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی، ریلی سے میاں عمران مسعود،  رحمان نصیر، خالد اصغر گھرال، صفیہ جاوید اور دیگر نے خطاب کیا۔ گوجرانوالہ میں ظفراللہ چیمہ کی زیر قیادت میں ریلی ضلعی پریس کلب سے شروع ہوکر جی ٹی روڈ پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی سے سابق صوبائی وزیر سہیل چیمہ ،سابق ایم پی اے ناصر چیمہ، عرفان احسان،شاکر مبین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سرگودھا میں سابق ایم این نے انور علی چیمہ کی زیر قیادت جناح ہال کمپنی باغ سے ریلی نکالی گئی جو ضلعی پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ منڈی بہائوالدین میں ریاض اصغر چوہدری کی زیر قیادت پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ شیخوپورہ میں خرم منور منج کی زیر قیادت ریلی منج ہائوس سے شروع ہوکر ضلعی صدر ضلعی پریس کلب کے سامنے اختتام پزیر ہوئی۔ یوتھ ونگ سیالکوٹ کے زیراہتمام ریلی ضلعی پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ملتان میں ضلعی صدر مشتاق احمد انصاری کی زیر قیادت چوک نواں شہر سے ضلعی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ڈیرہ غازی خان میں یوتھ ونگ کے زیراہتمام ریلی ساجد کتھران کی زیر قیادت ہسپتال چوک سے شروع ہوکر ٹریفک چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ جہلم میں ضلعی پریس کلب کے سامنے سابق ضلع ناظم چوہدری فرخ الطاف کی زیر قیادت مظاہرہ کیا گیا۔ فیصل آباد میں چوہدری ظہیرالدین خان کی زیر قیادت ریلی ہلال احمر سے شروع ہوکر ضلعی پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی سے رانا زاہد، توصیف، رانا محمد عظیم خان،خالد نبی گجر،خالد گل،رائے عبدالقادر و دیگر نے خطاب کیا۔ جوہر آباد میں یوتھ ونگ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جو فوارہ چوک سے شروع ہوکر کالج چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ قصور میں سردار وقاص حسن موکل کی زیر قیادت ریلی موکل گائوں سے شروع ہوکر الاباد چوک پر اختتام پدیر ہوئی۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق ضلع سرگودھاکے زیر اہتمام پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے بہت بڑی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سابق وفاقی وزیر چودھری انور علی چیمہ‘ چودھری عامر سلطان چیمہ نے کی۔ ریلی جناح ہال کمپنی باغ سے جب شاہین چوک پہنچی تو تاجربرادری میاں عبدالجبار‘طارق طور‘ بھائی عبدالرحمن اور دیگر نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے بھرپور استقبال کیا۔ریلی کچہری بازار سٹی روڈ سے ہوتی ہوئی سرگودھا پریس کلب پہنچی جس میں درجنوں افراد شریک تھے۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے نعرے تحریر تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انور علی چیمہ‘ عامر سلطان چیمہ نے کہا کہ پاک فوج کی تاریخ لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ مسلح افواج ملکی سلامتی کی ضامن ہیں‘ پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ کسی بھی ادارے کی طرف سے پاک افواج پر الزام تراشی قوم کو ہرگز قبول نہیں ہے۔ علاوہ ازیں (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاک فوج کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا مطلب پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلیوں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلیاں جہاں پاک فوج کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان ہیں وہاں ان وطن دشمنوں کیلئے وارننگ ہیں جو پاک فوج کے خلاف مذموم مہم میں ملوث ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے کے بعد پاک فوج کی ساکھ کو خراب کرنے کیلئے آئے روز نئی سازش تیار ہوتی ہے۔ یہ ملک دشمن رویہ قوم کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اس امر میں اب کوئی شک نہیں رہا کہ ملک کے اندر اور باہر پاک فوج کے خلاف اس گھنائونی مہم کے پیچھے خود حکومتی نمائندے ہیں جو اپنے ملک دشمن ایجنڈے کی راہ میں پاک فوج کو بہت بڑی رکاوٹ سمجھتے ہیں۔ ملک و قوم کو اندرونی و بیرونی محاذوں پر آج جن سنگین خطرات کا سامنا ہے ان کا تقاضا تو یہ تھا کہ حکومت پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی لیکن اس کے برعکس وہ پاک فوج کے خلاف مہم جوئی میں شامل ہو گئی ہے۔ ان حالات میں ہماری ریلیاں دنیا کو یہ پیغام دینے کیلئے ہیں کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگی۔قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق (ق ) لیگ کے زیر اہتمام افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بیگ چک سے گوجرانوالہ براستہ قلعہ دیدار سنگھ عظیم الشان ’’ پاک فوج کو سلام ریلی‘‘ نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت چوہدری محمد ناصر چیمہ اور ظفر اللہ چیمہ نے کی 30کلو میٹر تک طویل ریلی میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔علاوہ ازیں مسلم لیگ فنکشنل نے لاہور پریس کلب کے سامنے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا۔ بارش میں جاری رہنے والے اسی مظاہرہ کی قیادت مسلم لیگ (فنکشنل) لاہور کے صدر چودھری ظہیر احمد نے کی۔ جبکہ سلطان محمد خان اور عمران ریاض و دیگر نے بھی شرکت کی۔ چودھری ظہیر احمد نے کہا کہ پوری قوم اپنے فوجی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔علاوہ ازیں تحریک استقلال نے شملہ پہاڑی پر پاک فوج کے حق میں مظاہرہ کیا جس کی قیادت طارق بیرسٹر نے کی اسی موقع پر نعرے بازی بھی کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن