• news

2ڈالر یومیہ آمدن والوں کو غریب شمار کیا جائے: اسحق ڈار

اسلام آباد (آئی این پی + این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے یومیہ دو ڈالر کمانے والوں کو بھی غریبوں میں شمار کیا جائے، اس لحاظ سے دنیا میں 40فیصد افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، ایشیائی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے پورے خطے کی ترقی ناگزیر ہے۔ یہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے 47 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا موجودہ حکومت کی نئی معاشی پالیسی اور عالمی معیار کے مطابق معاشی اصلاحات کی بدولت پاکستان میں زر مبادلہ کے ذخائر 12 ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔ جبکہ 30 ستمبر تک زر مبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔ ان کا کہنا تھا افراط زر کی شرح بڑھنے اور دیگر وجوہات کی بناء پر اب ہمیں غربت کی نئی تعریف کرنا ہوگی۔ این این آئی کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا پاکستان میں رواں سال معاشی ترقی کی شرح پانچ فیصد اور افراط زر سنگل ڈجٹ میں رہنے کی توقع ہے، اخراجات میں کفایت شعاری اور غیر معمولی ریونیو وصولی کی وجہ سے خسارہ 6 فیصد کے قریب رہے گا، وصولیوں کی شرح مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران 16.4 فیصد رہی ، پاکستان کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا۔ ترسیلات زر 11.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری سے دونوں ممالک کے درمیان ربط سازی اور اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا وسط ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون (سی اے آر ای سی) ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو ٹرانسپورٹ راہداری کے ذریعے وسعت دینا چاہتے ہیں تاکہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں اور شرح نمو بڑھائی جاسکے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو سی اے آر ای سی کے رکن ممالک کا ایک سٹرٹیجک شراکت دار بننے کی توقع ہے اور ہم وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے باقی علاقوں کیلئے زمینی پل اور جنوبی ایشیا سے آگے سمندری راستوں سے مختصر ترین رسائی فراہم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی اے آر ای سی کے ٹرانسپورٹ کوریڈور کو معاشی کوریڈور میں تبدیل کرنے کیلئے پرامید ہے جس سے رکن ممالک کیلئے معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن