کسی مڈٹرم الیکشن کے حق میں نہیں، 11مئی کو سبز انقلاب کا آغاز ہوگا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ ہم کسی مڈٹرم الیکشن کے حق میں نہیں ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک مڈٹرم الیکشن کیلئے نہیں انقلاب کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور اسکے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ موجودہ الیکشن کمشن غیر آئینی ہے،کرپٹ لوگوں کا بنایا ہوا ہے اس میں کرپٹ لوگ موجود ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک موجودہ کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے جو دھونس،دھاندلی اور دھن پر قائم ہے۔ ہم اس کرپٹ نظام کی آخری اینٹ تک اکھاڑ پھینکیں گے۔ اس لئے مڈ ٹرم الیکشن کی بات کبھی نہیں کرونگا اس حوالے سے آنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔وہ کینیڈا سے سیکرٹری جنرل پی اے ٹی خرم نواز گنڈا پور سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بدمعاشی، غنڈہ گردی، اختیارات کا ارتکاز، دہشت گردی اور بد ترین آمریت تو ہے مگر جمہوریت ہر گز نہیں ہے۔جمہوریت کے نام پر عوام کا مینڈیٹ چرانے والے آئین اور حقیقی جمہوریت کے دشمن ہیں انکو اقتدار کے ایوانوں سے باہر پھینکنا ہو گا۔ 11مئی کا احتجاج ملک میں آنے والے سبز انقلاب کا آغاز ہو گا۔ عوام ظالم نظام اور اسکے محافظوں کے خلاف گھروں سے باہر نکل آئیں۔