• news

حکومت نے جے یو آئی (ف) کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی

اسلام آباد(آن لائن) حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، اعلیٰ حکومتی شخصیت نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کہا کہ جے یو آئی (ف) اہم اتحادی ہے ہر ممکن کوشش کرینگے کہ تحفظات دور کئے جائیں صوبہ خیبر پی کے میں قائد حزب اختلاف کے انتخاب سمیت دیگر امور بارے آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے سربراہ جمعیت نے مجلس عاملہ کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔ مولانا امجد نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں جمعیت اکثریتی اپوزیشن جماعت ہے، پارٹی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائیگا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کرادی ہے اس سلسلے میں اعلیٰ حکومتی شخصیت نے مولانافضل الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کہا کہ حکومت اپنی اتحادی جماعت کے ہرممکن تحفظات دور کرے گی کوشش کرے گی کہ یہ اتحاد برقرار رہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں صوبہ خیبر پ کے میں قائد حزب اختلاف کے انتخاب کا معاملہ بھی زیر غور آئیگا۔ مولانا امجد نے بتایا کہ مولانافضل الرحمن نے جمعیت کا مجلس عاملہ کا اہم اجلاس اسلام آباد میں طلب کرلیاہے منگل کو تمام امور زیر بحث آئینگے اس کے بعد کوئی فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن