مودی نے کسی بنگالی کو ہاتھ لگایا تو دہلی کو ہلا کر رکھ دونگی: ممتا بنیر جی
رانا گھاٹ مغربی بنگال (نیوز ڈیسک) بائیں بازو کی اہم بھارتی سیاسی جماعت ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنیر جی نے انتہا پسند نریندر مودی کو متنبہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے کسی بنگالی کو چاہے وہ ہندو ہو یا مسلمان ہاتھ بھی لگایا یا بنگلہ دیش واپس بھجوایا تو میں دہلی کو ہلا کر رکھ دونگی۔ مغربی بنگال کے شہر رانا گھاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنیر جی نے کہا کہ یہ شخص لوگوں کو تقسیم اور ملک کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس آدمی کو بنگال کی تاریخ اور کلچر کا پتہ نہیں سب بنگالی ایک ہیں اور غیرمنقسم بھارت میں بنگال کے لوگ ایک دوسرے کے علاقوں میں آتے جاتے رہتے تھے۔ مودی جیسی گری ہوئی سیاست میں نے نہیں دیکھی۔ یہ بنگالی اور غیربنگالی کی تفریق پیدا کر رہا ہے۔ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو بھارت کو جلا کر رکھ دے گی۔