کم لائن لاسز سب سے زیادہ ریکوری کے باوجود لیسکو کو کوٹے سے کم بجلی کی فراہمی
لاہور (ندیم بسرا) وزارت پانی وبجلی نے 8 برسوں سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا کوٹہ سسٹم تبدیل نہیں کیا جس کے باعث لیسکو سب سے زیادہ متاثر ہونے لگی۔ لاہوریوں کو گذشتہ کئی برسوں سے کوٹے کی مد میں 3 فیصد کم بجلی ملنے لگی۔ وزیراعظم کے آبائی شہر لاہور کی بجلی کی تقسیم کار کمپنی کو تاحال کم بجلی مل رہی ہے۔ اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے چیف ایگزیکٹو لیسکو ارشد رفیق نے سپیشل کنٹرول روم بنا دیا اور شہر میں صرف 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کرنے کیلئے تمام فیلڈ افسران، ایس ای، ایکسیئن، ایس ڈی اوز کی شام 7 بجے سے رات 11 بجے تک دفاتر میں ڈیوٹی لگا دی۔ وزارت پانی وبجلی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے درمیان منصفانہ طریقہ اختیار نہ کر سکی۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ملک کی واحد کمپنی ہے جس کے لائن لاسز سب سے کم اور بجلی کی ریکوری سب سے زیادہ ہے اور لیسکو کا کوٹہ جنریشن میں 24 فیصد بنتا ہے مگر 8 برسوں سے لیسکو کو 21 فیصد بجلی مل رہی ہے۔ لیسکو کے حصے کی بجلی کراچی، پشاور سمیت دیگر ڈیفالٹرز کمپنیوں کو دی جاتی ہے۔ اس صورتحال کے باعث لیسکو کے صارفین کو اضافی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس ساری صورتحال کی ذمہ دار وفاقی حکومت، وزارت پانی وبجلی اور تھنک ٹینک ہیں۔ دوسری طرف لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر اقدامات کے بارے میں چیف ایگزیکٹو لیسکو ارشد رفیق سے بات چیت کی گئی تو انہوں نے بتایا لیسکو کے صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے لیسکو ہیڈآفس میں کنٹرول روم بنا دیا گیا جس میں 24 گھنٹے ایک سپرنٹنڈنٹ انجینئر اور ایکسیئن کے لیول کے افسر موجود رہیں گے۔ آپریشن ڈائریکٹر چودھری محبوب علی کو فوکل پرسن بنا دیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا تمام فیلڈ افسران پر رات کی ڈیوٹی کے چیک کرنے کیلئے ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ جنرل منیجر ٹیکنیکل عبدالرحمان، (سائوتھ ایسٹرن سرکل ) ففتھ سرکل انچارج، آپریشن ڈائریکٹر چودھری محبوب تھرڈ سرکل کی نگرانی کریں گے۔ چیف انجینئر رائو ضمیر الدین سیکنڈ سرکل کی نگرانی کریں گے جبکہ فرسٹ سرکل کے افسران کی رات کی ڈیوٹی چیف انجینئر محبوب عالم مانیٹر کریں گے۔ انہوں نے بتایا ڈیفالٹرز کے خلاف مہم جاری ہے۔ اب تک ایک ارب روپے کی رقم ڈیفالٹرز سے وصول کی جا چکی ہے۔ 30 مئی 2014ء تک تمام ڈیفالٹرز سے 5ارب روپے کی مکمل رقم وصول کر لی جائے گی۔ اس کیلئے تمام ڈیفالٹرز کو حتمی وارننگ دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا لیسکو میں بجلی کی ڈیمانڈ 38 سو میگاواٹ ہے جبکہ ہمیں 2 ہزار میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔ لیسکو کو 18 سو میگاواٹ بجلی کا خسارہ ہے۔ تاہم اس کو بہتر لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کر کے پورا کیا جا رہا ہے۔