معیشت کا پہیہ چل پڑا، 12 برس جتنا کام 10 ماہ میں کیا: احسن اقبال
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت معیشت میں بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ چین توانائی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ توانائی کے مختلف منصوبوں کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی، معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت کے اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں اور اس کا ثبوت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہے، تمام شعبوں میں ترقی کو یقینی بنانے پر توجہ دی جارہی ہے، موجودہ حکومت نے جتنا کام 10ماہ میں کیا ہے اتنا 12 برس میں نہیں ہوا۔ ایک انٹرویومیں احسن اقبال نے کہا عوام کی سہولت کیلئے گوادر پورٹ، گڈانی اور دوسرے بڑے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔ توانائی کے مختلف منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی، 747میگا واٹ کے گدو پاور پلانٹ اور 402 میگا واٹ کے اوچ پاور پلانٹ کا افتتاح کیا جا چکا ہے، آئندہ ہفتے پورٹ قاسم میں 660، 660 میگاواٹ کے دو کوئلے سے بجلی کے پیداواری یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، آئندہ ماہ کروٹ میں 700 میگا واٹ کے ہائیڈل منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزیراعظم نواز شریف کی کارکردگی سے خوفزدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 11مئی کا تحریک انصاف کا احتجاج کا مقصد ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا کرناہے تاکہ بیرونی سرمایہ کاری ختم ہو جائے۔ پاکستان کی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے۔