• news

دہشت گردی کا واقعہ بھی غیرملکی سیاحوں کیلئے نانگا پربت کی کشش ختم نہیں کر سکا

اسلام آباد (اے ایف پی) گذشتہ سال نانگا پربت کے بیس کیمپ میں 10 غیرملکی سیاحوں کے قتل کا واقعہ بھی کوہ پیمائوں میں اس پہاڑ کی کشش کو ختم نہیں کر سکا ہے۔ 22 جون 2013ء کو پیش آنے والے اس واقعہ نے دنیا کی بلند ترین چوٹیوں والے اس شمالی پہاڑی علاقے میں سیاحت کو بری طرح نقصان پہنچایا تھا۔ تاہم اب موسم سرما میں چوٹی سر کرنے کی تین کوششوں کے باعث سیاحت کی صنعت کی بحالی کیلئے بھرپور امیدیں پیدا ہوئی ہیں۔ نانگا پربت پاکستان کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے جو انتہائی خراب موسمی حالات کے باعث موسم سرما میں ابھی تک سر نہیں کی جا سکی ہے۔ حالیہ مہم میں چوٹی سر کرنے میں ناکام رہنے والے اٹلی کے کوہ پیما سیمدن مدرد کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں نانگا پربت پاکستان کی محفوظ ترین جگہ ہے۔ گذشتہ سال یہاں جو افسوسناک واقعہ رونما ہوا وہ دنیا کے کسی بھی علاقے میں پیش آ سکتا ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ کوہ پیمائوں کیلئے پاکستان کا ویزا حاصل کرنا بہت مشکل کام ہے۔

ای پیپر-دی نیشن