• news

کراچی : ڈاکوئوں نے فائرنگ کر کے چچی بھتیجی کو قتل کر دیا‘ لوگوں کا مظاہرہ چوکی پر دھاو

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے چچی بھتیجی جاں بحق ہو گئیں۔ واقعہ کے خلاف ورثاء نے چوکی کا گھیراؤ کر لیا۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کورنگی انڈسٹریل تھانے کی حدود میں  سی ویو سے پکنک منا کر واپس آنے والی پک اپ پر ڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا۔ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے پچاس سالہ سیدہ بانو اور خاتون کی سترہ سالہ بھتیجی جاں بحق ہو گئیں۔ ڈاکو ڈھٹائی سے پھر بھی لوٹ مار کرتے رہے اور  شہریوں سے نقدی، موبائل فونز، زیورات اور کاغذات لوٹ کر چلتے بنے تاہم موقع پر موجود پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود بھی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی۔ پولیس تھانے کی حدود کے تعین ہی میں لگی رہی۔ واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین نے قریب ہی واقع ابراہیم حیدری کی پولیس چوکی پر دھاوا بول دیااور شدید احتجاج کیا۔ دریں اثناء ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر نے رینجرز سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کے ایم کیو ایم کارکنوں کے قتل کی جگہ کا دورہ کیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق جرم کے تمام تر مکانات‘  وجوہات  حتمی حالات اور دیگر پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی رینجرز نے شہر میں تمام ڈبل اور سنگل کیبن گاڑیوں اور ان میں سوار مسلح افراد کو چیک کرنے کا حکم دیا تھا۔ پوش افراد اور اسلحے کی نمائش کرنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ شہری قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔ کراچی کے علاقے ویسٹ زون میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کا کارندہ گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا دہشت گرد فاروق عرف ٹینشن سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے قتل اور سیاسی رہنماؤں کے گھروں پر آئی ای ڈیز نصب کرنے میں ملوث ہے۔ گرفتار دہشت گرد فاروق کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن