خیبر پی کے حکومت نے بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں مکمل کرلیں
اسلام آباد (آن لائن) خیبرپی کے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے صوبائی حکومت نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ رواں ہفتے صوبائی حکومت مرکزی الیکشن کمیشن کو آگاہ کردے گا۔ الیکشن کمشن نے گائوں اور تحصیل کونسلوں کیلئے بڑی تعداد میں شفاف بیلٹ باکسز تیار کر لئے ہیں ۔صوبہ بھر میں مختلف کٹیگریز کی نشستوں کی تعداد بھی طلب کر لی گئی ہے۔ پولنگ سٹیشنز کی سطح پر ویلج کونسلوں کے ووٹوں کی تقسیم کا کام بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن نے نادرا سے بائیو میٹرک مشینوں کی فراہمی کے لئے درخواست بھی کر دی ہے۔ صوبائی حکومت نے 2007ء اور2002 ء کے انتخابات کے سٹیل کے بیلٹ باکسز کو بھیجنے کیلئے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کر دی ہیں، تربیت دینے کیلئے الیکشن کمشن نے ماسٹر ٹرینرز کے نام بھی طلب کر لئے ہیں۔ شفاف بیلٹ باکسز کی تیاری کا ٹھیکہ ایک پرائیویٹ فرم کو دیا گیا ہے جنہوں نے دو قسم کے بیلٹ باکسز تیاری نہ صرف شروع کر دی ہے بلکہ الیکشن کمشن کی ہدایات کے مطابق متعلقہ اضلاع میں بیلٹ باکسز کو بھیج دیا گیا ہے۔ بیلٹ باکسز اگلے چند ہفتوں میں تمام اضلاع تک پہنچا دیئے جائیں گے۔ ماسٹر ٹرینرز تربیت مکمل کرنے کے بعد اپنے اپنے اضلاع میں پولنگ عملے کو تربیت دیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے الیکشن کمشن کیلئے سب سے مشکل کام ان مشینوں میں شناختی کارڈ کا ڈیٹا فیڈ کرانا ہے یہ کام اگرچہ نادرا حکام کریگا تاہم الیکشن کمشن گائوں اور ویلج کونسلوں کی طرف سطح پر موجود بلاکس کی سطح پر ڈیٹا کی تصدیق کی ذمہ داری پوری کریگا۔