• news

قومی کرکٹ ٹیم کا کنڈیشنگ کیمپ کل سے شروع‘ کوچ ہنٹ کمیٹی بھی سر جوڑ کر بیٹھے گی

لاہور+کراچی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کا کنڈیشنگ کیمپ (کل) منگل سے قذافی سٹیڈیم لاہورمیں شروع ہو گا۔ کیمپ کی نگرانی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈکوچ محمد اکرم کرینگے۔ چیف سلیکٹر اور منیجر معین خان  کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لینے کیلئے آئیں گے۔ 36کھلاڑیوں میں مصباح الحق، شاہد آفریدی، محمد حفیظ، احمد شہزاد، شرجیل خان، ناصر جمشید، صہیب مقصود، عمران فرحت، اسد شفیق، یونس خان، عمر اکمل، اظہر علی، توفیق عمر، یاسر حمید، شان مسعود، خرم منظور، فیصل اقبال، یاسر شاہ، عمر گل، محمد عرفان، سرفرازاحمد، بلاول بھٹی، عبدالرحمن، ذوالفقار بابر، رضا حسن، عاطف مقبول، عدنان اکمل، محمد طلحہ، وہاب ریاض، حارث سہیل،فواد عالم،احسان عادل، انور علی، محمد سمیع، راحت علی اورسہیل تنویر شامل ہیں۔کوچ ہنٹ کمیٹی کا اجلاس کل  ہو گا  جس میں معین خان، انتخاب عالم اور ہارون رشید شرکت کرینگے، پی سی بی نے چند روز قبل ہیڈ کوچ، سپن بولنگ کنسلٹنٹ، بیٹنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ اور سپورٹس فزیو تھراپسٹ کی پوزیشنز کیلئے اشتہار جاری کیا تھا، درخواستیں جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے، بورڈ کو کئی درخواستیں کم معروف مقامی کوچز کی جانب سے بھی موصول ہوئیں جنھیں شارٹ لسٹ نہیں کیا گیا، اہم نام وقار یونس، مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کے ہیں، انہی کے ساتھ سابق زمبابوین گرانٹ فلاور بھی درخواست دینے والوں میں شامل ہیں، سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، فزیو تھراپسٹ اور فیلڈنگ کوچ کیلئے انگلش کائونٹیز کے بعض آفیشلز نے بھی  درخواست دی ہے ۔ انتخاب عالم  وقار یونس کے حامی ہیں۔ کمیٹی سب سے پہلے ہیڈ کوچ کا فیصلہ کریگی، اس کے بعد  دیگر سٹاف کا تقرر ہو گا، ثقلین مشتاق کو بولنگ کوچ اور مشتاق احمد کو سپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کیے جانے کا امکان ہے، اگر انضمام الحق سے معاملات طے نہ ہوئے تو گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سونپ دی جائیگی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر مسعود انور نے بھی قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے درخواست دیدی اس حوالے سے مسعود انور نے بتایا کہ ہیڈ کوچ اور سپن کنسلٹنٹ کے لئے درخواست دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن