عوام کی خدمت مشن ہے‘ دورہ برطانیہ سے ترقی کی راہیں کھلیں گی : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے اور ہم یکسوہو کر اس کام کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ توانائی، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں کی ترقی کے منصوبے شفاف انداز میں مکمل کئے جارہے ہیں۔لاہور میں نالج پارک کا منصوبہ خطے میں شعبہ تعلیم میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ پارک 852 ایکڑ رقبے پر محیط ہو گا جہاں دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں اپنے کیمپس قائم کریں گی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پالیسیوں کی بدولت ملکی اورغیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ دورہ برطانیہ میں برطانوی حکام اور پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتیں نہایت مفید رہیں جس سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ وہ گذشتہ روز لندن سے وطن واپس روانہ ہونے سے قبل مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ شہباز شریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ہر دور میں ملک کی ترقی کے لئے شاندار کردار ادا کیا ہے۔ بین الاقوامی فورموں پر پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے سمیت مختلف امور پر پاکستانی تارکین وطن نے ہمیشہ اپنے ملک کے لئے آواز اٹھائی۔ پاکستانیوں کے اسی کردار کے اعتراف میں پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو سمندر پار پاکستان کے عظیم سفیروں کے مفادات کی بھر پور نگرانی کرے گا اور ان کے مسائل کے حل میں مدد گار ثابت ہوگا۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو اپنے ملک میں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ ہمسایہ دوست ملک چین نے پاکستان کے لئے 32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان کر کے پاکستان کے عوام کے بہترین اور سچے دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انشاء اللہ ہم اس پیکج سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے محنت اور عزم کے ساتھ کام کریں گے۔ توانائی کے بحران سے جلد از جلد نمٹنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے دن رات کوششیں جاری ہیں۔ پورٹ قاسم، گڈانی اور ساہیوال میں کوئلے سے بجلی کی پیداوارکے پلانٹ لگانے کی حکمت عملی تیار ہوچکی ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف جلدان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ شعبہ تعلیم کے عظیم الشان منصوبے نالج پارک کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں قائم ہونے والا نالج پارک 852ایکڑ رقبے پر محیط ہوگا۔ نالج پارک میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں اپنے کیمپس قائم کریں گی۔ اس طرح ہمارے طلباء کو اپنے ملک میں ہی اعلی اور معیاری تعلیم حاصل کرنے میں زبردست آسانی حاصل ہوگی۔ برطانوی یونیورسٹیاں بھی نالج پارک میں اپنے کیمپس قائم کریں گی۔ بعدازاں شہباز شریف دورہ برطانیہ کے بعد لاہور واپس پہنچ گئے۔ شہبازشریف نے لاہور آمد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دورہ برطانیہ انتہائی کامیاب اور نتیجہ خیز ثابت ہوا ہے۔ دورے کے دوران تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دورے سے برطانیہ اور پاکستان کے تجارتی تعلقات اور دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے مظفرگڑھ میں دریائے سندھ کے کٹائو سے ہونے والے نقصانات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری آبپاشی اور ڈی جی پی ڈی ایم اے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دریا کا کٹائو روکنے اور متاثرہ افراد کی فوری بحالی کے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔