کراچی، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے شبہ میں امریکی شہری گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں امریکی شہری کو حراست میں لے لیا گیا۔ جیول نامی امریکی شہری کو پیر کے روز کراچی ائرپورٹ سے اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 308سے اسلام آباد روانگی سے قبل اسکے قبضے سے نائن ایم ایم پستول کا میگزین اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ایس ایس پی ملیر رائو انور کے مطابق امریکی شہری جیول کو حراست میں لئے جانے کے بعد پرواز نمبر پی کے 308 کے ذریعے اسلام آباد جانیوالے تمام مسافروں کی فہرست بھی حاصل کرلی گئی ہے اور مبینہ ہائی جیکنگ کے امکانات کے علاوہ شہر میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے بارے میں بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔ ایس ایس پی ملیر رائو انوار نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران شہر میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کی بیشتر وارداتوںمیں نائن ایم ایم پستولوں کا استعمال ہوا جبکہ امریکی شہری جیول کے پاس سے بھی نائن ایم ایم پستول کا میگزین اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں جس کی بنا پر اس معاملے کی باریک بینی سے تفتیش کی جارہی ہے۔